سندھ میں کورونا کے زیادہ متاثرین کیوں؟
پاکستان کے صوبہ سندھ میں کورونا کے سب سے زیادہ متاثرین ہیں جبکہ ہلاکتوں میں پنجاب آگے ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سندھ میں 69 ہزار سے زائد کیسز ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 66 ہزار سے زیادہ ہے۔
اعداد وشمار پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق گزشتہ تین ماہ میں صرف چند دن پنجاب کے کورونا کیسز کے نمبر سندھ کے بڑھے مگر پھر ان کو تین ہزار نیچے رکھا گیا۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ پنجاب میں ٹیسٹ کم کیے جانے اور مثبت کیسز کی رپورٹنگ اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے سندھ سے نمبرز کم دکھائے جاتے ہیں۔ تاہم اموات کی تعداد کو چھپایا جانا ممکن نہیں اس لیے سندھ کے مقابلے میں 400 ہلاکتیں زیادہ ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ روز 89 اموات ہوئیں جس کے بعد کل ہلاکتیں تین ہزار 590 تک پہنچ گئیں۔ پنجاب میں اموات کی تعداد ساڑھے چودہ سو سے بڑھ چکی ہے جبکہ سندھ میں گیارہ سو سے کم ہے۔
ملک میں اب تک ایک لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے جن میں سے 68 ہزار سے زیادہ صحتیاب ہو چکے ہیں۔

