پاکستان24 متفرق خبریں

پی آئی اے کے چار پائلٹس فارغ، 140 گراؤنڈ

جون 24, 2020

پی آئی اے کے چار پائلٹس فارغ، 140 گراؤنڈ

پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کے چار گھوسٹ پائلٹس کو نوکریوں سے برخاست کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جن میں ترکی کی نجی ایئرلائن میں ملازمت کرتے ہوئے قومی ایئرلائن سے تنخواہ لینے والی خاتون ہواباز بھی شامل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پائلٹس کی شیڈولنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب ہوا بازی کے وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ مشکوک لائسنس والے 140 سے زائد پائلٹس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ قومی ایئرلائن نے پرواز آپریٹ کیے بغیر تنخواہ وصول کرنے والے چار گھوسٹ پائلٹس کو نوکری سے برخاست کرنے کی کارروائی کا آغاز کیا ہے جن میں فیصل یونس، بختاور جعفری، امیش جاوید اور خاتون پائلٹ سعدیہ عزیز شامل ہیں۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق چاروں پائلٹس نے گزشتہ ڈیڑھ سال سے کوئی بھی پرواز آپریٹ نہیں کی لیکن ماہانہ تنخواہ وصول کرتے رہے ہیں۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق خاتون پائلٹ پی آئی اے سے چھٹی لے کر ترکی کی نجی ایئرلائن میں کام کررہی ہیں۔ خاتون پائلٹ نے اے 320 جہاز کی تربیت پی آئی اے کے خرچ پر مکمل کی۔ سیمولیٹر سرٹیفیکیٹ لے کر ترکی چلی گئیں، جہاں ایک نجی ایئرلائن میں ملازمت کر رہی ہیں۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق خاتون پائلٹ سے ڈیڑھ سال کی تنخواہ، سیمولیٹر تربیت کے اخراجات واپس لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے دستاویزات تیار کی جا رہی ہیں جبکہ پرواز آپریٹ کیے بغیر تنخواہ وصول کرنے والے پائلٹس کا علم ہونے کے باوجود شیڈولنگ نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے