پاکستان24 متفرق خبریں

زرداری کے وارنٹ، نواز شریف کے اشتہار جاری

جون 30, 2020

زرداری کے وارنٹ، نواز شریف کے اشتہار جاری

‏پاکستان میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی طلبی کے اشتہار اور أصف علی زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

منگل کو سماعت کے دوران جج محمد اصغر علی نے ریمارکس دیے کہ نواز شریف دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے۔ آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت میں احتساب عدالت میں نیب پراسیکیوٹر نے نواز شریف کو سمن برطانیہ بھیجوانے کی رپورٹ پیش کی اور موقف اپنایا کہ نواز شریف برطانیہ میں موجود ہیں، دفتر خارجہ کے ذریعے وارنٹس بھیجے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ کرمنل کیس ہے، آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑے گا۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ کورونا کے دن ہیں اور آصف زرداری کی عمر زیادہ ہے۔ ان کے آنے سے لوگ اکٹھے ہوں گے پھر رش بنے گا۔ میں یہاں عدالت میں موجود ہوں۔

جج اصغر علی نے ریمارکس دیئے کہ نواز شریف کی عدم پیشی پر اشتہار جاری کر رہے ہیں، آصف علی زرداری کے وارنٹ بھی جاری کر دیتے ہیں۔ میں لمبی تاریخ دے دیتا ہوں پھر آصف زرداری عدالت میں پیش ہو جائیں۔

عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی۔ جج محمد اصغر علی نے نواز شریف کے اشتہار جاری کر دیے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹس پر کوئی عملدرآمد نہ ہو سکا۔ نواز شریف دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے موقف اپنایا کہ فاروق ایچ نائیک کہہ رہے ہیں کہ آصف زرداری کے پیش ہونے سے رش ہو جائے گا، یہ انتظامیہ کا کام ہے کہ وہ رش کو کنٹرول کریں۔ ان کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے اور ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جائیں۔ یوسف رضا گیلانی کو عدالت نے استثنیٰ دیا تو آج ان کا وکیل بھی پیش نہیں ہوا۔ یوسف رضا گیلانی کا استثنیٰ بھی ختم کیا جانا چاہیے۔

فاروق ایچ نائیک نے موقف اپنایا کہ آصف علی زرداری کو ہائیکورٹ نے میڈیکل گراؤنڈز پر ضمانت دی تھی۔ وارنٹس تو تب جاری کیے جائیں جب آصف زرداری پیش نہ ہوں۔ میں آصف زرداری کی جانب سے یہاں موجود ہوں۔ آئندہ سماعت پر آصف علی زرداری خود بھی عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔ یوسف رضا گیلانی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔ میں بھی یوسف رضا گیلانی کے ساتھ تھا میں بھی آئیسولیشن می‍ں چلا گیا۔ اگر عدالت کہتی ہے تو میں عدالت میں یوسف رضا گیلانی کی طرف سے بیان حلفی دے دیتا ہوں۔

عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ فاروق ایچ نائیک نے موقف اپنایا کہ آصف زرداری کی استثنی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

فاروق ایچ نائیک بولے میں عدالت سے درخواست کرتا ہوں کہ آصف زرداری کے وارنٹ جاری نہ کریں۔ آصف زرداری سابق صدر پاکستان ہیں وہ کہیں بھاگ نہیں رہے۔

جج اصغر علی نے ریمارکس دیئے کہ میں نے اب آرڈر کر دیا ہے وہ اب واپس نہیں ہو گا۔ عدالت نے آپ نے ایڈریس مانگ کر اس پر سمن جاری کیا تھا لیکن وہ پھر بھی پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے ریفرنس پر سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی۔

دونوں رہنماؤں پر سرکاری توشہ خانے سے گاڑیاں کم قیمت پر لینے کا الزام ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے