پاکستان میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ
پاکستان میں تعلیمی اداروں کو ستمبر کے مہینے کے وسط میں نئے سمسٹر کے آغاز پر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس میں تعلیمی اداروں کو حفاظتی اقدامات اور شرائط کے ساتھ کھولنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔
’بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں تعلیمی ادارے کھولنے امتحانات کے ایشوز پر بحث ہوئی۔ اتفاق رائے سے طے سفارشات این سی او سی کے سامنے رکھے۔ تعلیمی ادارے پندرہ ستمبر سے کھل جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز سمیت تمام سکولز اور کالجز شامل ہیں۔ اگست کے پہلے اور تیسرے ہفتے میں صحت کے انڈیکیٹرز پر نظرثانی کریں گے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ مارچ کے بعد تعلیمی اداروں میں امتحانات روک دیے گئے تھے تاہم اب جو ادارے امتحانات لینا چاہتے ہیں وہ جولائی کے دوسرے ہفتے سے ایسا کر سکتے ہیں۔
’یونیورسٹیوں میں داخلوں کے لیے ہونے والے امتحانات کو دو روز پر محیط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ہجوم نہ بنے۔ اسی طرح اب جو بھی امتحانات ہوں گے وہ کھلے میدان میں سماجی فاصلے کے اصول کے تحت لیے جائیں گے۔
’امتحانات کے دوران حفاظتی انتظامات کی نگرانی کی جائے گی، عمل نہ ہونے پر امتحان کو روک دیا جائے گا۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جو کارخانے فنی تربیت فراہم کرتے ہیں، ان کو بھی اجازت دی جا رہی ہے۔
’کارخانے پہلے سے کھولے جا چکے ہیں اس لیے فنی تربیت کے سلسلے کو روکنا مناسب نہیں۔‘

