گوگل انڈیا میں 10 ارب ڈالر لگائے گا
دنیا کی بڑی ڈیجیٹل کمپنی گوگل نے انڈیا میں اپنی حریف کمپنیوں فیس بک اور ایمزون کا مقابلہ کرنے کے لیے اگلے پانچ کے دوران انڈیا میں دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گوگل کے انڈین نژاد چیف ایگزیکیٹو آفیسر (سی ای او) سندر پیچائی نے ’گوگل ان انڈیا‘ ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس فنڈ سے ’انڈیا کی ڈیجیٹل اکانومی‘ کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔
پیچائی کا کہنا تھا کہ انڈیا اور پوری دنیا مشکل وقت سے گزر رہی ہے ۔ تعلیم اور صحت کے حوالے سے درپیش دو طرفہ چیلنج نے مجبور کیا ہے کہ دوبارہ جائزہ لیں کہ ہم کس طرح رہ رہے ہیں اور کام کر رہے ہیں۔ یہ چیلنجز ہمیں نئی ایجادات کرنے کا موقع بھی فراہم کر رہے ہیں۔
انڈیا میں میں غیرملکی کمپنیوں نے ترقی کرتی ڈیجیٹل اکانومی میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
فیس بک، انٹل اور دیگر کمپنیوں نے انڈیا میں موجود ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی کمپنی ’جیو‘ کے ڈیجیٹل سروسز یونٹ میں صرف رواں برس کے دوران 16 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
گوگل کے سی ای او نے انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنے پلان کے بارے میں آگاہ کیا، تاہم انڈین حکومت کی طرف سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی نے ڈیٹا سکیورٹی اور پرائیویسی کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

