انڈیا میں طیارہ رن وے پر دو ٹکڑے، 18 ہلاک
Reading Time: < 1 minuteانڈیا میں دبئی سے آنے والا ایک مسافر بردار طیارہ لینڈ کرتے وقت حادثے کا شکار ہو کر دو ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا ہے۔ حادثے میں 18 افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق جنوبی ریاست کیرالہ کے کوزیکوڈے شہر کے ہوائی اڈے پر رن پر پھسلنے والے طیارے میں عملے سمیت 191 مسافر سوار تھے۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثہ مقامی وقت شام تقریبا پونے آٹھ بجے کری پور ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا کے طیارے ایئر انڈیا ایکسپریس کے ساتھ پیش آیا۔
خبررساں ادارے کے مطابق کونڈوٹی پولیس نے کہا ہے کہ دبئی سے کوزیکوڈے کے لیے ایئر انڈیا کی فلائٹ اترتے وقت رن وے پر پھسل گئی۔ ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ طیارے میں دو پائلٹ سمیت چھ عملہ کے ارکان سوار تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق حادثے میں 18 افراد ہلاک جبکہ کم از کم 40 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ ایئرپورٹ بلندی پر ہے۔
مقامی ایم ایل اے ٹی وی ابراہیم نے کہا ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور خوش قسمتی سے پھسلنے کے باوجود طیارے میں آگ نہیں لگی۔
تصاویر میں دیکھا جا رہا ہے کہ ایئر انڈیا ایکسپریس طیارہ رن وے سے پھسل کر 30 فیٹ گہرے گڈھے میں گر پڑا۔
ایئر انڈیا ایکسپریس طیارے کے کوزیکوڈے ایئرپورٹ پر اترتے وقت تیز بارش ہو رہی تھی۔