ٹرمپ نے امارات و اسرائیل کو دوست بنا دیا
Reading Time: < 1 minuteعرب دنیا کے امیر ملک متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا معاہدہ کیا ہے جس کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاریخی قرار دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس تاریخی سفارتی بریک تھرو سے مشرقِ وسطیٰ میں امن کو فروغ حاصل ہو گا۔ یہ معاہدہ تین رہنماؤں کی دلیرانہ سفارتکاری اور وژن کا ثبوت ہے۔ اس معاہدے سے ثابت ہوتا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل ایک نئے راستے پر چلنا چاہتے ہیں جس سے خطے کا پوٹینشل سامنے آئے گا۔‘
اس معاہدے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے جس کے مطابق اسرائیل مقبوضہ غربِ اردن کے کچھ علاقوں کا اپنے ساتھ الحاق معطل کر رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے معاہدہ طے پا جانے کے بعد ٹویٹ کیا: ’ایک بہت بڑا بریک تھرو! ہمارے دو قریبی دوست ممالک متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تاریخی معاہد ہوگیا ہے۔‘
شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے کہا کہ ’اس معاہدے کے بعد فلسطینی علاقوں کا اسرائیل سے الحاق رک جائے گا۔‘