پاکستان

کوڑا دان سے نومولود کی لاش برآمد

اگست 22, 2020

کوڑا دان سے نومولود کی لاش برآمد

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں قتل، ٹریفک حادثے، خودکشی اور چھت گرنے کے واقعات میں سات افراد ہلاک ہو گئے جبکہ کوڑے دان سے نومولود بچے کی لاش بھی ملی ہے، پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کےلیے اسپتال منتقل کر دیں۔

گجر خان پولیس کے مطابق ڈھوک سنگل مار کے علاقہ میں خاندانی دشمنی پر چار افراد نے فائرنگ کر کے تین افراد کو قتل کر دیا جبکہ طیب نامی راہ گیر فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا۔ ملزمان موٹر سائیکلوں پر موقع سے فرار ہو گئے۔

واقعہ میں مرنے والےغضنفر، مسعودالحسن اور عاطف محمود چھ ماہ قبل قتل کے مقدمے میں عدالت سے بری ہوئے تھے، لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال گجر خان منتقل کر دی گئیں۔

تھانہ جاتلی کے علاقہ میں ڈیری فارم کی چھت گرنے کے باعث ملبہ تلے دب کر ایک مزدور ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا، واقعہ میں مرنے والے شخص محسن کا تعلق جھنگی پھیرو سے ہے، لاش رورل ہیلتھ سینٹرمندرہ منتقل کر دی گئی۔

تھانہ پیرودہائی کے علاقے چھتی قبر کے قریب کمرے سے مسخ شدہ لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق لاش 15 دن پرانی ہے، جسےاسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تھانہ نصیر آباد کے علاقے قاسم آباد میں 23 سالہ شخص نے خود کو سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔ اہلیہ کے مطابق اس کے شوہر نے موبائل فون پر موصول ہونے والی کال سننے کے بعد اچانک خود کو گولی ماری۔

ادھر چکری انٹر چینج کے قریب ٹرالر الٹنے کے باعث ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

دوسری جانب راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کے علاقے میں کچرے کے ڈھیر سے نومولود بچے کی لاش ملی ہے۔ پولیس نے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے