عاصم باجوہ رسیدیں دیں: مریم نواز
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ آج عاصم سلیم باجوہ کے لیے احتساب کا نعرہ کدھر گیا۔ عاصم سلیم باجوہ کے معاملے پر عمران خان آگے بڑھیں قانون کی نظر میں سب کو برابر ہیں، عاصم باجوہ کو جواب دینا چاہیے۔
منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں آیون فلیڈ ریفرنس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے صحافی کے اس سوال پر کہ کیا عاصم سلیم محض بہانہ اصل معاملہ سی پیک ٹارگٹ کرنا ہے؟ مریم نواز نے کہا کہ سی پیک کا موجد نواز شریف ہے۔ عاصم سلیم باجوہ کے خلاف انکوائری سے سی پیک کو کوئی خطرہ نہیں۔ یہ ایک انفرادی معاملہ ہے اور اگر احمد نورانی نے خبر دی ہے تو ان کو دھمکیوں کے بجائے اپنی رسیدیں پیش کرنی چاہئیں چاہیے۔ کہاں گیا احتساب کا نعرہ عاصم باجوہ کے معاملے پر عمران خان آگے بڑھیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف 60ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ملک میں لائے۔ نواز شریف کو ایک اقامہ پر نکال دیا گیا، نواز شریف نے قانون کے سامنے خود کو سرنڈر کیا، قانون کے سامنے سب برابر ہیں چاہے سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج ہوں سرینہ عیسی یا پھر عاصم سلیم باجوہ ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ جج ارشد کا نواز شریف کے خلاف فیصلہ مس کنڈکٹ ہی تھا۔ ارشد ملک نے خود اعتراف کیا۔
مر یم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا علاج جیسے مکمل ہوگا اور حالت خطرے سے باہر ہوگی پاکستان واپس آئیں گے۔
قبل ازیں مریم نواز منگل کی صبح اسلام آباد ہائیکورٹ میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت میں پیش ہونے کے لیے مری سے قافلے کے ساتھ پہنچیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک اطراف میں ایک مربع کلومیٹر پر پولیس نے سڑکیں بند کی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے بارش میں وکلا، صحافیوں اور ن لیگی رہنماؤں کو پیدل عدالت تک جانا پڑا۔
عدالت پہنچنے پر مریم نواز نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ ہائیکورٹ کے تقدس کا خیال رکھیں اور کمرہ عدالت میں نہ جائیں۔
مریم نواز سے ایک رپورٹر نے سوال کیا کہ ان کو پسندیدہ پیزا کون سا ہے؟ جس پر عدالت میں موجود افراد کے قہقہے گونج اٹھے۔
واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے خلاف اپیلوں کی سماعت ملتوی کرنے کے لیے نواز شریف اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وکلا نے عدالت میں درخواست دائر کی ہیں۔

