پاکستان

ضلع مانسہرہ میں بارشوں اور سیلاب سے آٹھ ہلاک

ستمبر 2, 2020

ضلع مانسہرہ میں بارشوں اور سیلاب سے آٹھ ہلاک

سید نعمان شاہ ۔ صحافی، مانسہرہ
مانسہرہ ضلع میں مٹی کا تودہ گرنے اور سیلابی ریلے میں بہہ کر 8 افراد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے، ضلع میں متعدد رابطہ سڑکیں بند ہیں اور دریاؤں میں شدید طغیانی کے باعث مختلف علاقوں میں ہائی الرٹ ہے۔

خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل اوگی میں حسین بانڈہ میں مکان پر مٹی کا تودہ گرنےسے ایک ہی خاندان کےچار افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں ایک خاتون اور بچہ بھی شامل ہے۔ ایک خاتون کو ریسکیو 1122کی ٹیم نے ملبے تلے سے زخمی حالت میں زندہ نکال لیا۔

زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے کنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسرے واقعہ میں دربند کے علاقہ چمڑی میں مکان پر پتھر گرنے سے ایک شخص ہلاک جبکہ مکان کے ملبہ تلے دب کر تین افراد زخمی بھی ہوگئے جنھیں ملبہ سے نکال لیا گیا ہے۔

قبل ازیں منگل کے روز میاں بیوی بیلا منور اور ایک شخص ٹانڈہ کے مقام پر سیلابی ریلی میں بہہ گیا تھا۔ ضلع میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں جبکہ متعدد بجلی کے فیڈرز بھی بند کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے تمام اداروں کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے