توشہ خانہ ریفرنس میں زرداری اور گیلانی پر فردِ جرم عائد
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سرکاری گاڑیاں کم قیمت پر لینے کے الزام میں توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت چار ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے جبکہ ملزمان نے صحت جرم ماننے سے انکار کیا ہے۔
بدھ کو احتساب عدالت نے ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔
احتساب عدالت نے سات روز میں نواز شریف کی پراپرٹی کی تفصیلات طلب کر لیں۔
یوسف رضا گیلانی پر بطور وزیراعظم گاڑیاں دینے کی سمری منظور کرنے کا الزام ہے جبکہ نواز شریف اور آصف زرداری پر توشہ خانہ سے تحائف میں ملنے والی گاڑیاں کم قیمت پر ذاتی استعمال کے لیے حاصل کرنے کا الزام ہے۔
ریفرنس کی سماعت 24 ستمبر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

