پاکستان

سڑک پر خاتون سے مبینہ گینگ ریپ، 12 گرفتار

ستمبر 10, 2020

سڑک پر خاتون سے مبینہ گینگ ریپ، 12 گرفتار

لاہور کے علاقے گجر پورہ میں پولیس نے ایک خاتون کو موٹروے کے قریب مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنائے جانے اور ان سے لوٹ مار پر مقدمہ درج کیا ہے۔

پولیس کے مطابق رات تین بجے پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

لاہور کے نئے سی سی پی او خود تفتیشی ٹیم کی سربراہی کر رہے ہیں۔

ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ واقعہ موٹروے پر پیش آیا تاہم بعد ازاں پولیس کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ وقوعہ رنگ روڈ پر ہوا۔

لاہور کے تھانہ گجرپورہ میں درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق گوجرانوالہ کے رہائشی درخواست دہندہ کی رشتے دار خاتون کی گاڑی کا جنگل کے قریب پیٹرول ختم ہو گیا تھا اور وہ مدد کے انتظار میں کھڑی تھیں۔ انہوں نے موٹروے پولیس اور گوجرانوالہ میں اپنے رشتہ دار کو فون کیے۔

خاتون لاہور سے گوجرانوالہ جا رہی تھیں اور وقوعہ رات تین سے چار بجے کے درمیان پیش آیا۔

پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین نے مبینہ گینگ ریپ کے اس واقعہ پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق درخواست دہندہ کی عزیزہ نے بتایا کہ جب وہ پیٹرول کے انتظار میں کھڑی تھیں تو 30 سے 35 سال کی عمر کے دو مسلح اشخاص آئے، انھیں اور ان کے بچوں کو گاڑی سے نکال کر قریبی کھیت میں ان کا ریپ کیا اور ان سے نقدی اور زیور چھین کر فرار ہو گئے۔

واقعہ کی خبر میڈیا پر آنے کے بعد پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نوٹس لے کر آئی جی پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے