موجودہ بندوبست میں کچھ بھی محفوظ نہیں: مولانا
مولانا فضل الرحمان نے موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے یہ عناصر اقتدار میں آئے ہیں کوئی بھی محفوظ نہیں معیشت بھی تباہ ہو گئی، بیروزگاری عروج پرہے جبکہ عورت کی عزت بھی محفوظ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں روایتی فیصلوں کے بجائے ٹھوس فیصلے ہونے چاہئیں۔
اتوار کی شام مولانا فضل الرحمان ق لیگ کے سینیئر سیاست دان چودھری شجاعت حسین کی رہاہشگاہ پر پہنچے اور ان کی عیادت کی۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہ ہوچکی، بیروزگاری عروج پر اور عورت کی عزت بھی محفوظ نہیں، پھر شرم کی بات ہے کہ ریاست مدینہ کی باتیں کی جارہی ہیں، ریاست بے بس ہے اور ذمہ دار بہانے تراش رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج سربازار ختم نبوت پر، ناموس صحابہ پر حملے ہورہے ہیں، جب کوئی قانون کو ہاتھ میں لیتا ہے تو پھر باتیں کرتے ہیں۔
آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی 20 ستمبر کو پیپلزپارٹی کی میزبانی میں ہوگی امید ہے بہتر فیصلے ہوں گے۔
چودھری شجاعت حسین کی صحت سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کی طبیعت دیکھ کر ان کی صحت کے لئے پوچھنے آیا تھا ان کی طبعیت ایسی نہیں کہ بوجھ ڈالا جائے، سیاسی باتیں نہیں ہوسکیں، حلوہ کھایا اور قہوہ پیا ہے

