رہائی کے بعد مسلم لیگی رہنما لاہور میں، سیاسی ماحول میں گرمی
کراچی کی ایک ضلعی عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منظور کر کے انھیں رہا کرنے کا حکم جاری کیا جس کے بعد وہ اپنی اہلیہ مریم نواز کے ہمراہ لاہور چلے گئے۔
یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انھیں پیر کی صبح کراچی کے ایک مقامی ہوٹل سے گرفتار کیا تھا۔ کیپٹن صفدر کے خلاف بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر نعرے بازی کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔
کیپٹن (ر) صفدر کو بکتر بند گاڑی میں سٹی کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایتی وکلا اور کارکن پہنچ گئے اور کمرہ عدالت میں شور شرابے کے باعث جج اٹھ کر چلے گئے۔
بعدازاں جج نے فریقین کو اپنے چیمبر میں طلب کیا، جس کے بعد کیپٹن صفدر کی ضمانت منظور کی گئی۔
ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد ان کو پولیس کی تحویل سے رہا کیا گیا۔

