ابھینندن کی رہائی پر تاریخ مسخ کی گئی: فوجی ترجمان
پاکستان کی فوج کے ترجمان نے میجر جنرل افتحار بابر کہا ہے کہ انڈین پائلٹ ابھینندن کی رہائی کو ذمہ دار ریاست کے ردعمل کے علاوہ کسی اور چیز سے جوڑنا انتہائی گمراہ کن ہے اور پاکستانی فتح کو متنازع بنانے کی کوشش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے منفی بیانات کے قومی سلامتی پر اثرات ہوتے ہیں۔ ’یہی بیانیہ انڈیا کی شکست کو کم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔‘
فوجی ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز ایک ایسا بیان دیا گیا جس میں قومی سلامتی سے متعلق معاملات کے حوالے سے تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم سب کو انتہائی ذمہ داری سے آگے بڑھنا ہوگا۔‘
فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی فتح کو دنیا میں تسلیم کیا گیا اور انڈیا نے اس شکست کی وجہ کو رفائل طیاروں کی عدم دستیابی قرار دیا۔
ابھی نندن کی رہائی کو پوری دنیا نے سراہا۔ انڈیا نے جارحیت کی اور انہیں منہ کی کھانی پڑی۔
’وہ باردو جو پاکستان کے شہریوں پر پھینکنے آئے تھے بدحواسی میں خالی پہاڑوں پر پھینک کر چلے گئے۔‘
ترجمان نے کہا کہ دشمن کو اعلانیہ دن کی روشنی میں جواب دیا۔ ’دشمن کے دو جہاز مار گرائے اور ان کے پائلٹ کو گرفتار کیا۔ انڈیا کے خلاف واضح فتح ملی۔‘
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں۔
فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ایک منظم ادارہ ہے، اس کی قیادت اور رینک اینڈ فائل فرق نہیں ڈالا جا سکتا، یہ دونوں ایک ہیں۔

