نواز شریف کو ہائیکورٹ نے اشتہاری قرار دے دیا
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے پر مفرور قرار دے دیا ہے۔
بدھ کو عدالت میں ایف آئی اے اور وزارت خارجہ کے ان افسران نے بیان ریکارڈ کرائے جنہوں نے لندن میں نواز شریف کو عدالتی سمن پہنچانے کے لیے سفر کیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس کیسز کی سزاؤں پر نواز شریف کی جانب سے کی گئی اپیلوں پر سماعت دو رکنی بینچ نے کی تھی۔
سماعت کے دوران دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر یورپ مبشر جان کا بیان قلمبند کیا گیا۔ جس میں انہوں نے بتایا کہ ’میں نے اس عدالت سے جاری کیے گئے نواز شریف کے اشتہارات موصول کیے، جو دفترخارجہ سے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بھیجے‘۔
عدالت نے نواز شریف کی اپیل کی آئندہ سماعت مریم نواز کی اپیل کے ساتھ مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی اپیل پر آئندہ سماعت 9 دسمبر کو کریں گے۔

