پاکستان کے بڑے شہروں میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال پر نظر رکھنے اور اس حوالے سے اقدامات کی منظوری دینے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ جن شہروں میں کورونا کا پھیلاؤ زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھے جائیں گے۔ نویں تا بارہویں کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے۔
صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے اعلان کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا اور شیخوپورہ میں تمام سرکاری اور نجی سکول گیارہ اپریل تک بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دیگر اضلاع میں تعلیمی ادارے پرانے شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
این سی او سی کے بدھ کو جاری کیے اعلامیے کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح آٹھ فیصد سے بڑھ گئی ہے۔