عالمی خبریں

جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کے مرکز میں نوجوان یوٹیوبر چاقو کے حملے میں ہلاک

مارچ 14, 2025

جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کے مرکز میں نوجوان یوٹیوبر چاقو کے حملے میں ہلاک

جاپان میں ایک شخص نے دارالحکومت ٹوکیو کے مرکزی علاقے میں ایک یوٹیوبر لڑکی کو اُس وقت چاقو کے پے دے پے وار کر کے قتل کر دیا جب وہ لائیو سٹریمنگ کر رہی تھیں۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطبق پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو یوٹیوبر کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

ٹوکیو میٹروپولیٹن پولیس نے کہا کہ انہوں نے منگل کو قتل کی کوشش کے شبے میں 42 سالہ کینجی تاکانو کو موقع سے گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد اسے استغاثہ کے پاس بھیجا گیا لیکن ابھی تک اس پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ متاثرہ 22 سالہ ایری ساتو کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جب حملہ آور نے اس کے جسم کے اوپری حصے میں بار بار چھرا گھونپا، ہسپتال میں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔

عینی شاہدین اور لائیو سٹریم دیکھنے والوں نے بتایا کہ حملے کے بعد لڑکی نے مدد کے لیے چیخ و پکار کی، اور اس دوران لائیو سٹریم کی سکرین بلینک ہو گئی۔

آساہی اخبار سمیت میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے ساتو کو اس کی لائیو سٹریمنگ کے ذریعے دوست بنایا اور اس کو کئی بار ملا بھی تھا، اور ان کا مالی تنازع تھا۔
براڈکاسٹ این ایچ کے نے رپورٹ کیا کہ تاکانو نے ساتو کو ایک بڑی رقم ادھار دی تھی اور عدالتی حکم کے باوجود اس نے اسے واپس نہیں کیا۔

میڈیا رپورٹس میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ ساتو کی جانب سے لائیو سٹریم کا اعلان کرنے اور فوٹیج دیکھ کر اپنے مقام کا پتہ لگانے کے بعد تاکانو نے ٹوکیو سے تقریباً 100 کلومیٹر (60 میل) شمال میں واقع اویاما شہر سے آ کر حملہ کیا۔

ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ اسے قتل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا۔

جاپان میں پُرتشدد جرائم اب بھی ناپید ہیں، جہاں اسلحے پر حکومتی کنٹرول انتہائی سخت ہے، لیکن حالیہ برسوں میں کم اجرت اور روزگاری کی وجہ سے بہت سے ہائی پروفائل چاقو کے حملوں کے واقعات اور ہاتھ سے بنی بندوقوں کا استعمال کیا گیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے