اپریل 19 سے بڑی کلاسوں کے طلبہ کی تعلیم شروع، امتحانات ہر صورت: حکومت
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں عالمی وبا کورونا کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے فیصلہ کیا ہے کہ آٹھویں کلاس تک کے طلبہ کو 28 اپریل تک چھٹیاں جبکہ نویں سے بارہویں تک کی کلاسیں 19 سے شروع ہوں گی اور رواں سال امتحانات ہر صورت ہوں گے۔
منگل کو این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں ہوا جس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، چاروں صوبائی وزرائے تعلیم اور وزرائے صحت نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ صوبائی حکومتیں اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ مقامی طور پر وبا کی صورتحال کے مطابق سکول کھولنے کا فیصلہ کرے۔
وبا کے پھیلنے میں تیزی کے باعث پاکستان کے بڑے شہروں میں ہفتے میں دو دن بازار، شاپنگ مالز اور ریستوران بند رکھے جاتے ہیں جبکہ سنیچر اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ چلانے پر بھی پابندی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں پاکستان میں 103 افراد کی کورونا سے موت ہوئی جبکہ اس دوران چار ہزار کے لگ بھگ نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد 63 ہزار 103 ہے۔