فیصل واوڈا کو مزید ڈیڑھ ماہ کی مہلت، کیس لٹک گیا
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت ڈیڑھ ماہ کے لیے ملتوی کر دی ہے۔
منگل کو الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس میں سینیٹر فیصل واوڈا کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے سے استثنیٰ دے دیا جس کے بعد فیصل واوڈا کے وکیل نے دلائل کےلیے مہلت مانگ لی۔
کمیشن نے درخواست گزاروں کے وکلا سے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ فیصل واوڈا ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے اور درخواستوں کو خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا وقت ضائع ہورہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اگر چاہیں تو اگلی سماعت پر پیش ہونے کی ضرورت نہیں۔
فیصل واوڈا کے وکیل کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی کل موصول ہوئی ہے۔ فیصلے کا جائزہ لے کر اس کے مطابق دلائل دوں گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تمام درخواست گزاروں کو اکٹھا سنیں گے۔درخواست گزاروں کا جواب آئے گا تو اس کا جائزہ لے کر ہی فیصلہ دیا جائے گا۔
درخواستوں پر سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔