آئی پی ایل بھی کورونا کا شکار ہو کر ملتوی
Reading Time: < 1 minuteانڈین پریمیئر لیگ میں شریک متعدد کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کرکٹ بورڈ نے میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے-
بی سی سی آئی کے صدر راجیو شکلا نے انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کو آئی پی ایل ملتوی ہونے کی تصدیق کی۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آئی پی ایل کے چیئرمین بریجیش پٹیل نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ تمام شراکت داروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
آئی پی ایل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ ٹورنامنٹ کی گورننگ کونسل اور بی سی سی آئی کی اعلیٰ انتظامیہ نے متفقہ طور پر کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بی سی سی آئی کھلاڑیوں، سٹاف اور دیگر شراکت داروں کی خفاظت پر سمجھوتا نہیں کرنا چاہتی۔‘
مزید کہا گیا کہ ’انڈیا کے لیے خاص طور پر یہ مشکل وقت ہے۔ ہم نے خوشی لانے کی کوشش کی، تاہم ٹورنامنٹ کو اب ملتوی کرنا ضروری تھا۔ ہر کوئی اس کٹھن وقت میں اپنے گھر والوں کے پاس واپس جائے گا۔‘
’بی سی سی آئی، آئی پی ایل میں شریک تمام لوگوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔‘
واضح رہے کہ انڈیا میں بائیو سکیور ببل کے باوجود دو کھلاڑیوں میں کورونا مثبت پایا گیا تھا جس کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا میچ ملتوی کر دیا گیا تھا۔