فائزر 26 ارب ڈالر کی کورونا ویکسین فروخت کرے گی
Reading Time: < 1 minuteادویہ ساز کمپنی فائزر نے کورونا ویکسین کی فروخت کی وجہ سے رواں سال اپنے ریونیو اور منافع میں ریکارڈ بڑھوتری کی امید ظاہر کی ہے۔
دنیا کی بڑی ادویہ ساز کمپنی کے مطابق رواں سال کورونا ویکسین کی فروخت سے 26 ارب ڈالر کا ریونیو اکھٹا ہوگا جو اس سے قبل لگائے گئے 15 ارب ڈالر کے تخمینے سے کئی گنا زیادہ ہے۔
فائزر نے رواں سال جنوری سے اپریل کے درمیان ویکسین فراہمی کے کئی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن کے تحت آئندہ ماہ ڈیلیوری کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق اب منافع کی شرح فی شیئر ساڑھے تین ڈالر سے زیادہ ہوگی جو اس سے قبل فی شیئر آدھے ڈالر سے بھی کم تھی۔
فائزر وہ پہلی کمپنی ہے جس نے کورونا کی ویکسین بنانے پر کام شروع کیا اور اسے فروخت کے لیے سامنے لائی۔ کمپنی اب نئی ریسرچ کر رہی ہے اور تحقیق کے تحت اب ایسی ویکسین تیار کی جا رہی ہے جو کورونا سے بچاؤ کے لیے چھ ماہ سے گیارہ سال کے بچوں کو فراہم کی جائے گی۔
فائزر ایک ایسی تحقیق میں بھی مصروف ہے جس کے تحت ویکسین کی پہلی ڈوز کے چھ ماہ بعد دوسری خوراک دی جائے تاکہ کورونا سے ہمیشہ کے لیے حفاظت ہو سکے۔