متفرق خبریں

فیڈرل سروس ٹریبونل غیر فعال، ہزاروں مقدمات زیر التوا

مئی 6, 2021

فیڈرل سروس ٹریبونل غیر فعال، ہزاروں مقدمات زیر التوا

سرکاری ملازمین کی محکمانہ انکوائریوں اور برطرفیوں کے خلاف مقدمات کی سماعت کرنے والا فیڈرل سروس ٹریبونل گزشتہ پانچ ماہ سے ممبران کے ریٹائرڈ ہونے کے بعد غیر فعال ہے اور ہزاروں سائلین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وکالت کرنے والے مدثر لطیف عباسی ایڈووکیٹ نے ایک خط کے ذریعے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کی توجہ اس جانب دلائی ہے کہ فیڈرل سروس ٹریبونل میں اس وقت صرف چیئرمین موجود ہیں جبکہ دیگر تمام ممبران ریٹائرڈ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ سے فیڈرل سروس ٹریبونل میں متاثرہ سرکاری ملازمین کی اپیلوں کی سماعت نہیں ہوئی جبکہ مزید اپیلیں دائر ہو رہی ہیں اور زیر التوا مقدمات کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔
مدثر لطیف عباسی ایڈووکیٹ کے مطابق یہ وزارت قانون کی ذمہ داری ہے کہ سرکاری ملازمین کی محکمانہ برطرفیوں کے خلاف اپیلیں سننے والے فورم کو فعال کیا جائے تاکہ سائلین کے مقدمات کا فیصلہ کیا جا سکے اور ان کی داد رسی ہو سکے۔
انہوں نے وفاقی وزیر فروغ نسیم کی توجہ فیڈرل سروس ٹریبونل میں زیر التوا مقدمات کے بڑھتے بوجھ کی جانب بھی دلائی جن کو نمٹانے کے لیے ضروری ہے کہ ٹریبول مکمل فعال ہو اور سرکاری ملازمین کی اپیلوں پر بروقت احکامات جاری کرے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے