ایمیزون کا پاکستان میں آنا بہت بڑی پیش رفت: حکومت
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پہلی بار ایسا ہوا کہ وزیراعظم اشرافیہ کے بجائے مزدوروں کے ساتھ ہیں، اپوزیشن اس پر راضی نہیں تو انہیں اپنے رویے پر نظرثانی کرنا ہوگی، اگر ہمارا وزیراعظم کمزور پاکستانیوں کے ساتھ کھڑا نہیں ہوسکتا تو ہمیں حکومت میں رہنے کا حق نہیں۔
مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے کہا ہے کہ ایمیزون کا ملک میں آنا ایک بہت بڑی پیش رفت ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں مشیر تجارت عبدالرزاق داود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا کہ تحریک انصاف طاقت ورلوگوں کے مقابلے میں کمزور طبقے کے ساتھ کھڑی ہے، طاقتور طبقےکواحساس دلانا ہوگا کہ کمزور شہری ان کی ذمہ داری ہیں، وزیراعظم نے سفیروں کو بیرون ملک لیبر طبقے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں سے رابطے کا کہا، اس پر شہباز شریف کہہ رہے ہیں لیبر کی بات نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، این اے 249 کراچی میں ہرووٹ ٹمپرڈ ہوا،گنتی نہیں ری پولنگ کا معاملہ ہے،اپوزیشن کومقدمات عدالتوں میں لڑنا ہوگا۔
مشیر تجارت نے بتایا کہ سٹیک ہولڈرز کے مطالبے پر ملک میں ایمیزون پلیٹ فارم کا اہتمام کیا گیا، دنیا میں ای کامرس کے ذریعے 4ٹریلین ڈالرز کی تجارت ہو رہی ہے، فروخت کنندگان کی فہرست میں آنے کے بعد پاکستانی اشیاء براہ راست فروخت ہو سکیں گی۔