پاکستان میں دس دن بعد پبلک ٹرانسپورٹ بحال
Reading Time: < 1 minuteعیدالفطر پر لاک ڈاؤن کے دس دن گزرنے کے بعد اتوار کی صبح پاکستان بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بحال کر دی گئی تاکہ پیر کو شہری اپنے دفاتر، کاروبار اور کام کے لیے پہنچ سکیں.
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھنے اور اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے اہم فیصلے کیے جن کے تحت تمام بین الصوبائی/ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ 17 کے بجائے 16 مئی سے بحال کر دی گئی جبکہ مارکیٹس اور دکانیں سترہ مئی سے شام آٹھ بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔
فیصلے کے مطابق ٹرانسپورٹرز صرف 50 فیصد سواری کے پابند ہوں گے۔
سنیچر کو اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا اہم اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لے کر اسے تسلی بخش قرار دیا گیا۔
این سی او سی نے ریلوے کو 70 فیصدسوایوں کے ساتھ سفر اجازت دے دی جبکہ تمام دکانیں اور مارکیٹں 17 مئی سے شام 8 بجے تک ایس او پیز کے تحت کھولنے کی مشروط اجازت بھی دی گئی۔
تمام نجی و سرکاری دفاتر کو 17 مئی سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کام کی اجازت دیدی گئی۔
اجلاس میں ایس او پیز پر عمل جاری رکھنے کی ہدایت کے ساتھ عوام سے ویکسینیشن کے لیے بھی کہا گیا۔
کورونا کی صورتحال کا اگلا جائزہ اجلاس 19 مئی کو ہوگا۔