وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات، لاپتہ افراد کے مقدمات پر گفتگو
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس یحیٰی آفریدی سے ملاقات کی ہے۔
بدھ کو یہ ملاقات اسلام آباد کے چیف جسٹس ہاؤس میں ہوئی۔
ملاقات میں اٹارنی جنرل منصور اعوان اور وزیر قانون اعظم تارڑ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ویراعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس سے استدعا کہ مقدمات کی جلد سماعت کی جائے۔ انہوں نے لاپتہ افراد کے معاملے پر بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ادھر سپریم کورٹ کے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، چیف جسٹس کی دعوت پر اُن کے گھر گئے اور چیف جسٹس سے ملاقات کی۔
چیف جسٹس نے وزی اعظم کے ساتھ قومی عدالتی پالیسی سازی کمیٹی کے آئندہ اجلاس کا ایجنڈا شیئر کیا اور حکومت سے رائے طلب کی۔
یہ اقدام چیف جسٹس کے مجموعی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد زیر التوا مقدمات میں کمی اور پاکستان کے عوام کو فوری انصاف فراہم کرنا ہے۔
چیف جسٹس نے وزیر اعظم کو بتایا کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے ان پٹ کو بھی لیں گے اور ان کی خواہش ہے کہ ان کے اصلاحاتی پروگرام کو دو طرفہ حمایت حاصل ہو تاکہ اصلاحات مستقل، پائیدار اور زیادہ مؤثر ہوں۔
وزیراعظم نے اصلاحاتی پیکج کو سراہا اور اس بات سے اتفاق کیا کہ حکومت جلد ہی اپنا ان پٹ فراہم کرے گی۔
وزیراعظم کے ہمراہ وزیر قانون، انصاف اور پارلیمانی امور جناب اعظم نذیر تارڑ، وزیر اقتصادی امور ڈویژن جناب احد چیمہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی تھے۔ جبکہ جناب محمد سلیم خان، رجسٹرار سپریم کورٹ اور محترمہ تنزیلہ صباحت، سیکرٹری، لاء اینڈ جسٹس کمیشن نے میٹنگ میں چیف جسٹس کی معاونت کی۔
میٹنگ کے اختتام پر چیف جسٹس نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ کی شیلڈ پیش کی۔