رنگ روڈ سکینڈل کی انکوائری شروع، زلفی بخاری مستعفی
Reading Time: < 1 minuteراولپنڈی کے رنگ روڈ منصوبے میںمبینہ کرپشن اور اربوں روپے لاگت بڑھنے کی انکوائری نیب میںشروع کیے جانے کے فیصلے کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری (زلفی بخاری) اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں.
پیر کی شام زلفی بخاری نے اپنے استعفے کا اعلان ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹس کے ذریعے کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ’میرے وزیراعظم ہمیشہ یہ کہتے ہیں کہ اگر ایک شخص کا نام صحیح یا غلط طور پر کسی انکوائری میں آتا ہے تو اسے عوامی عہدے سے اس وقت تک الگ ہوجانا چاہیے جب تک وہ اپنا نام کلیئر نہیں کروا لیتا۔‘
نہوں نے لکھا کہ ’وہ الزامات اور میڈیا کے جھوٹ سے اپنا نام کلیئر ہونے تک اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ میں یہ بات دہراتا اور واضح کرتا ہوں کہ میرا رنگ روڈ منصوبے یا اس علاقے میں جاری رئیل اسٹیٹ منصوبوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔‘
خیال رہے کہ پیر کو ہی قومی احتساب بیورو نیب نے ایک اعلامیے میں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں بے ضابطگیوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا اعلان کیا جبکہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میںبھی کہا گیا کہ اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر جنرل کو معاملے کی تفتیش کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.