بکریاں چوری کیس، تھانے میں اپنے ہی ایس ایچ او پر مقدمہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں تھانے کے ایس ایچ او پر اپنے ہی پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ضلع مردان کے تھانہ طورو میں ایس ایچ او کے خلاف ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ افتخار خان نے بکریاں پالنے والوں سے بغیر معاوضے کے دو بکریوں اس وقت لے لیں جب وہ ان کی تلاش میں مدد کر رہے تھے۔
ڈی پی او مردان کی ہدایت پر درج کیے گئے مقدمے کے مطابق متاثرہ شہری نے بتایا کہ وہ مردان کے علاقے طورو قاسم میرہ میں معاوضہ پر بکریاں پالتے ہیں اور گزشتہ ہفتے ان کی بکریاں لاپتہ ہوئیں جس پر مالک کو اطلاع دیتے ہوئے تلاش شروع کی۔
مقدمے کے متن کے مطابق بکریاں لاپتہ ہونے کی خبر مالک نے پولیس کو بھی دی تاہم رات کو ساری بکریاں ایک جگہ گھاس چرتے ہوئے مل گئیں۔
متاثرہ شہری کے مطابق بکریاں ملنے پر ایس ایچ او نے دولاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کا بہت سارا وقت ضائع ہوا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق رقم نہ ملنے پر ایس ایچ او افتخار اپنے ساتھ دو بکریاں لے گئے۔
متاثرہ شہری نے ڈی پی او کو بتایا کہ بکریوں کا مالک ان سے پولیس کی جانب سے لی گئی بکریوں کی رقم کا مطالبہ کر رہا ہے۔
شہری کے مطابق ایس ایچ او جو دو بکریاں لے گئے ان کی قیمت 70 ہزار ہے۔