پاکستان24

لاہور میں حافظ سعید کے گھر کے قریب دھماکہ، تین ہلاک، 16 زخمی

جون 23, 2021 2 min

لاہور میں حافظ سعید کے گھر کے قریب دھماکہ، تین ہلاک، 16 زخمی

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دھماکہ سے تین افراد ہلاک جبکہ 16 زخمی ہو گئے ہیں.

بدھ کی دوپہر ریسکیو سروس کے مطابق جوہر ٹاؤن کے علاقے میں دھماکے کی اطلاع پر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جناح ہسپتال کے حکام نے تین ہلاکتوں کی تصدیق کی جبکہ پانچ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے.

بتایا گیا ہے کہ دھماکہ کالعدم تنظیم کے سربراہ حافظ سعید کے گھر کے قریب ہوا جس سے دور تک مکانات کو نقصان پہنچا.

پنجاب پولیس کے سربراہ انعام غنی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو نشانہ بنایا گیا مگر ہمارے حوصلے پست ہونے والے نہیں۔

انعام غنی نے بتایا کہ نقصان اس سے بھی زیادہ ہو سکتا تھا لیکن پولیس کی پیٹرولنگ اور ناکہ بندی کی وجہ سے حملہ آور ہدف حاصل نہیں کر سکے۔

آئی جی کا کہنا تھا کہ حملہ آور آگے بھی جا سکتا تھا اگر پولیس کی پوسٹ موجود نہ ہوتی، پولیس کا جوان زخمی ہوا ہے۔

قبل ازیں ایک عینی شاہد خاتون کے مطابق دھماکہ موٹر سائیکل پھٹنے سے ہوا جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ۔

جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے جوہر ٹاون میں دھماکے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کی اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا.

عثمان بزدار نے کہا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے جناح ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں ۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے ریسکیو 1122 اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیوں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو موقع پر پہنچے کے لیے کہا تھا.

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے