امریکی نائب وزیر خارجہ تیانجن میں، چین کا امریکہ کو نیا پیغام
Reading Time: < 1 minuteچینی حکومت نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ دنیا کے سامنے چین کا بُرا تاثر پیش کرنا بند کرے۔
چین کے نائب وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب وینڈی شرمن کے دورہ بیجنگ کے موقع پر امریکہ کو یہ پیغام دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ’یہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کا چین میں پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے۔‘
وینڈی شرمن اتوار کو چین کے شہر تیانجن پہنچیں۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو درست سمت میں لانا ہے۔
دنیا کی دو عالمی طاقتوں کے تعلقات سائبر سکیورٹی سے لے کر انسانی حقوق تک کئی مسائل پر خراب ہو رہے ہیں۔
چین کے نائب وزیر خارجہ ژی فینگ اور وینڈی شرمن کے درمیان ہونے والی بات چیت کی تفصیلات کے مطابق ’ممکنہ طور پر امید کی جا رہی ہوگی کہ چین کا بُرا تاثر پیش کر کے امریکہ کسی طرح چین کو اپنے مسائل کا قصوروار ٹھہرا سکے۔‘
چین کی وزارت خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم امریکہ پر زور دیتے ہیں کہ اپنی انتہائی گمراہ کن ذہنیت اور خطرناک پالیسی کو تبدیل کرے۔‘
وزارت نے دونوں ممالک کے تعلقات کو ’تعطل‘ اور ’سنگین مشکلات‘ سے دوچار قرار دیا ہے۔
اپنے دورہ چین کے دوران وینڈی شرمن چینی وزیر خارجہ وینگ یی سے بھی ملاقات کریں گی۔