کورونا کا پھیلاؤ، پاکستان میں کاروبار پر بندشوں کا دوبارہ نفاذ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں وفاقی حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کی صورتحال میں کاروبار پر بندشوں کا دوبارہ نفاذ کرتے ہوئے دکانیں رات آٹھ بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے.
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاروبار رات آٹھ بجے تک بند ہو جائے گا اور ان ڈور ڈائننگ پر دوبارہ پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیر کو پریس کانفرنس میں اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے نئی پابندیوں کا اطلاق تین اگست سے 31 اگست تک ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ان ڈور ڈائننگ کو بند کیا جا رہا ہے جبکہ مارکیٹیں آٹھ بجے تک کھلی رہیں گی۔
یہ نئی بندشیں اسلام آباد، کراچی، حیدر آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گلگت، سکردو، مظفر آباد اور میرپور میں لگیں گی۔‘
اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم سےمنظوری لینے کے بعد ہم نے کچھ فیصلے کیے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی 24 گھنٹے اجازت ہوگی۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں سواریوں کی گنجائش 50 فیصد ہو گی۔
خیال رہے کہ اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے عوام سے خطاب میں کہا تھا کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر زیادہ خطرناک ہے تاہم ان کاکہناتھا کہ ہم لاک ڈاؤن کر کے کسی بھی صورت اپنی معیشت کو تباہ نہیں کریں گے۔ لاک ڈاؤن کا مطلب لوگوں کو بھوکا رکھنا ہے۔
اتوار کو پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کے سرٹیفکیٹ کے بغیر اندرون ملک فضائی سفر پر پابندی کا نفاذ کر دیا گیا تھا اور سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ملک کے تمام ایئر پورٹس پر مسافروں کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دیکھے جا رہے ہیں۔