پاکستان پاکستان24 متفرق خبریں

عامر لیاقت ٹریفک پولیس اہلکاروں سے کیوں الجھے؟

اگست 3, 2021

عامر لیاقت ٹریفک پولیس اہلکاروں سے کیوں الجھے؟

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں کراچی میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کو ٹریفک پولیس اہلکاروں پر گرجتے برستے دیکھ کر صارفین ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ہزاروں صارفین کی جانب سے ویڈیو پر تبصرے کیے گئے ہیں۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں واقعے کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔

بیان کے مطابق پیر کی سہ پہر ساڑھے چار بجے فیروزآباد ٹریفک سیکشن کی حدود شارع قائدین کٹ جو شارع فیصل کو ملتا ہے پر ہیڈ کانسٹیبل یاسر عباس اپنی ڈیوٹی پر تھے کہ اس اثنا میں ایک کارنمبر BD-9930 آکر رکی جس میں 3 افراد سوار تھے ان میں سے ایک نے مذکورہ ہیڈ کانسٹیبل کو کہا کہ تم مجھے جانتے ہو میں اس علاقے کا ایم این اے عامر لیاقت ہوں تم لوگوں کو تنگ کررہے ہو، ان سے پیسے بٹورتے ہو، اور بد تمیزی سے بات کر نے لگا۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ اس دوران ریکارڈ کپر (ہیڈ محرر) اے ایس آئی شاہد میراں بھی وہاں پر آگئے اور انہوں نے شور شرابا دیکھا تو عامر لیاقت سے دریافت کیا کہ کیا ہوا تو عامر لیاقت نے ان سے بھی انتہائی ناشائستہ، بد تمیزی اور غلیظ زبان استعمال کی اور ان سے ایس او پیز پر عمل کرنے کا پوچھا جس پر ریکارڈ کیپر نے اپنا کورونا ویکسینیشن کارڈ دکھایا تو اس پر بھی اعتراض لگاتے ہوئے چلے گئے ۔

ٹریفک پولیس کے مطابق مذکورہ وقوعہ کے ساتھ ایک اور واقعہ منسلک ہے جس کی تفصیل کچھ یوں ہے کہ
ٹریفک پولیس کی ریپیڈ کاریں جو کہ شارع فیصل پر متعین ہیں، ریپیڈ 5 جس کا انچارج سب انسپکٹر محمد اشرف ساڑھے چار بجے بمقام نرسری برج موٹر سائیکل پر تین افراد سوار تھے SOP کی خلاف ورزی پر روکا انہیں خلاف ورزی کے متعلق بتایا گیا جس پر موٹر سائیکل سوار نے پہلے سے طارق روڈ ٹریفک سیکشن کا چالان دکھایا جس پر سب انسپکٹر محمد اشرف نے ان موٹر سائیکل سواروں کو جانے دیا۔

پولیس کے مطابق اتنے میں پیچھے سے ایک کار نمبر BD-9930 آکر رکی جس میں 3 افراد سوار تھے وہ باہر طیش میں آئے جس میں ایک شخص نے سرکاری کار کی ڈگی پر مکے مارنے شروع کیے اور اپنے آپ کو عامر لیاقت ظاہر کیا جس پر میں نے کار سے باہر اترنے کی کوشش کی تو انہوں نے اور دیگر ساتھیوں نے مکے مارے اور دھکے دئیے اور کار سے اترنے نہیں دیا اور ہم پر مختلف الزامات لگائے، بدتمیزی کی اور کہا کہ علاقے سے دفع ہو جاؤ ورنہ میں تمھیں نوکری سے برخواست کرادوں گا جس پر مذکورہ افسر نے صبر و تحمل سے کام لیا اور مذکورہ اشخاص آگے روانہ ہوگئے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے