وکلا کے احتجاج پر ججز تقرر کے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب
Reading Time: < 1 minuteچیف جسٹس گلزار احمد نے بطور سربراہ جوڈیشل کمیشن ججوں کے تقرر کے لیے دس اگست کو کمیشن کا اجلاس طلب کیا ہے۔
کمیشن کے اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس احمد علی شیخ کو سپریم کورٹ کا ایڈہاک جج لگانے پر غور کیا جائے گا۔
جسٹس احمد علی شیخ نے تاحال سپریم کورٹ کا ایڈہاک جج بننے کے لیے اپنی رضامندی ظاہر نہیں کی۔
خیال رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے 28 جولائی کے اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ میں سینیارٹی کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر موجود جسٹس محمد علی مظہر کو سپریم کورٹ کا جج لگانے کی سفارش کی گئی تھی جس کی منظوری پارلیمانی کمیٹی نے دینی ہے۔
وکلا تنظیموں نے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اور دیگر تین سینیئر ججوں کو نظر انداز کر کے جونیئر جج کو سپریم کورٹ میں لانے کو اقربا پروری قرار دے کر اس کی سخت مخالفت کی تھی۔
یہ امر اہم ہے کہ سپریم کورٹ کا جج بننے کے بعد سینیارٹی نئے سرے سے طے کی جاتی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے پانچویں نمبر کے جج سپریم کورٹ میں اگر ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اور دیگر ساتھی ججز سے پہلے آتے ہیں تو وہ ان سب سے سنیئر ہو جائیں گے اور ان کے چیف جسٹس بننے کے بھی چانسز ہوں گے۔