کراچی میں گرنیڈ حملے میں ایک ہی خاندان کے 13 ہلاک، 9 زخمی
Reading Time: < 1 minuteکراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ موڑ کے قریب شہزور ٹرک پر گرنیڈ حملے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ زون جاوید اکبر ریاض کے مطابق پولیس سٹیشن مدینہ کالونی کی حدود بلدیہ ٹاون میں جس ٹرک میں دھماکا ہوا اس میں 25 سے 30 افراد سوار تھے۔
مذکورہ افراد شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد گھر لوٹ رہے تھے۔ ان کے مطابق دھماکا ٹرک میں ہوا، تمام زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے دھماکے میں 13 افراد ہلاک جبکہ نو کے زخمی ہونے کی تصدیق کی. ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’فیملی کا تعلق سوات سے ہے ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں، معاملے کو ذاتی دشمنی کے تناظر میں بھی دیکھیں گے۔‘
دھماکے کا نشانہ بننے والی فیملی جماعت اسلامی کے سابق یوسی چیئرمین لانڈھی معراج خان سواتی کی ہے۔
انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکہ ابتدائی طور پر ہینڈ گرینڈ کا لگتا ہے- ’گرنیڈ گاڑی میں گرنے سے پہلے ہی پھٹ گیا تھا-‘
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے-
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مواچھ گوٹھ کے قریب گاڑی میں دھماکے کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے حکام کو ہلاک افراد کے ورثا کی بھرپور مدد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ سے گاڑی کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی مواچھ گوٹھ بلدیہ کراچی میں ہونے والے دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے اس میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
گورنر نے دھماکے کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کر لی-