’الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہیں، آگ لگا دینی چاہیے‘
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی پارلیمان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں وفاقی وزیر اعظم سواتی کے تضحیک آمیز جملوں پر الیکشن کمیشن کے نمائندے احتجاجا اٹھ کر چلے گئے۔
جمعے کو سینیٹ کی قائمہ کیمٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، ایسے اداروں کو آگ لگا دینی چاہیے۔‘
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا ضامن ہے، الیکشن کمیشن ہمشیہ دھاندلی کرتا رہا ہے۔‘
اعظم سواتی کے الزامات کے بعد الیکشن کمیشن کے حکام اجلاس سے احتجاجاً واک آؤٹ کر گئے۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے پوچھا کہ ’اعظم سواتی بتائیں کہ الیکشن کمیشن نے کس سے پیسے لیے ہیں۔ کیا الیکشن کمیشن نے ن لیگ یا پیپلزپارٹی سے پیسے لیے ہیں؟‘
اس پر اعظم سواتی نے کہا کہ ’میں نے بالکل درست بات کی ہے۔‘
بعد ازاں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور سینیٹر کامران مرتضیٰ الیکشن کمیشن کے حکام کو منانے گئے جس پر الیکشن کمیشن کے سپیشل
سیکریٹری نے کہا کہ ’حکومتی وزرا نے گذشتہ روز ایوانِ صدر میں ہونے والے اجلاس میں بھی بدتمیزی کی اور آج کمیٹی اجلاس میں الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات لگائے گئے۔‘
انہوں نے کہا ’ایسے ماحول میں قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکتے۔‘
علی محمد خان اور سینیٹر کامران مرتضیٰ الیکشن کمیشن کے حکام کو منانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ’جب سے الیکشن کمیشن بااختیار ہوا ہے انہیں تکلیف ہو رہی ہے۔‘
فاروق ایچ نائیک نے حکومتی وزیر کے سخت ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ خود آئین سے الیکشن کمیشن کا نکال دیں حکومت الیکشن کروائے۔‘