اردوغان کا امریکہ سمیت دس ملکوں کے سفیروں کو ملک سے نکالنے کا حکم
Reading Time: < 1 minuteترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے امریکہ سمیت 10 مغربی ممالک کے سفیروں کو ملک سے نکالنے کا حکم دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ترک صدر نے وزارت خارجہ کو 10 ممالک کے سفیروں کو نکالنے کا حکم سماجی کارکن عثمان کوالہ کی رہائی کا مطالبہ کرنے پر دیا۔
سات سفیر ترکی کے نیٹو اتحادیوں کی نمائندگی کرتے ہیں اور اگر ان کو نکالا جاتا ہے تو یہ طیب اردگان کے 19 سالہ اقتدار میں مغرب کے ساتھ شدید اختلاف کا آغاز ہوگا۔
سول سوسائٹی کے متعدد گروپس سے تعاون کرنے والے عثمان کوالہ چار سال سے جیل میں ہیں۔
ان پر سنہ 2013 میں ملک گیر احتجاج کی مالی معاونت اور سنہ 2016 میں ناکام بغاوت میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ ان کا مقدمہ زیرسماعت ہے اور کوالہ تمام الزامات سے انکاری ہیں۔
18 اکتوبر کو ایک مشترکہ بیان میں کینیڈا، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز، ناروے، سویڈن، فن لینڈ، نیوزی لینڈ اور امریکہ کے سفیروں نے عثمان کوالہ کے کیس اور مسئلے کو جلدحل کرنے اور ان کی ’فوری رہائی‘ کا مطالبہ کیا تھا۔
سفیروں کو ترک وزارت خارجہ نے طلب کیا تھا، اور بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔
طیب اردوغان نے شمال مغربی شہر میں ایک عوامی مجمع سے خطاب کے دوران کہا کہ ’میں نے وزیر خارجہ کو ضروری حکم دیا اور بتایا کہ کیا کرنا چاہیے۔ ان 10 سفیروں کو ایک ہی وقت میں ناپسندیدہ قرار دیا جانا چاہیے۔ آپ اس (مسئلے) کو فوری طور پر حل کریں گے۔‘