ٹی 20 ورلڈکپ میں دوسری فتح، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا
Reading Time: < 1 minuteٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں شارجہ کے میدان پر پاکستان نے نیوزی لیںڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
منگل کو کھیلے گئے اس میچ میں فتح کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
پاکستان نے شعیب ملک اور آصف علی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 135 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
شعیب ملک اور آصف علی 27، 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
حارث رؤف کو عمدہ بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 28 کے مجموعی سکور پر گری جب ٹِم ساؤدی نے بابر اعظم کو بولڈ کردیا، وہ صرف 9 رنز بنا سکے۔ یہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں ٹم ساؤدی کی 100ویں وکٹ تھی۔
فخر زمان صرف 11 رنز بناسکے، انہیں ایش سودھی نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ محمد حفیظ بھی 11 رنز بنا سکے، باؤنڈری پر ڈیوون کونوے نے سینٹنر کی گیند پر ان کا شاندار کیچ لیا۔
محمد رضوان 33 رنز بنا کر ایش سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
عماد وسیم نے بھی 11 رنز بنائے، انہیں ٹرینٹ بولٹ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
شارجہ کے میدان پر کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔