نمیبیا کو شکست دے کر پاکستان ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں
Reading Time: < 1 minuteٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
نمیبیا کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان اپنے گروپ سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
منگل کو ابو ظبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں 190 رنز کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم پانچ وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بناسکی۔
نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے، کریک ولیمز نے 40 اور سٹیفن بارڈ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کے خلاف نمیبیا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں وان لنگن کو حسن علی نے بولڈ کردیا۔
اس کے بعد سٹیفن بارڈ اور گریک ولیز کے درمیان 47 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ بارڈ 29 رنز بنا کر رن آوٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی، عماد وسیم، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔
کپتان بابر اعظم نے 70 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد رضوان کے ساتھ 113 رنز کی شراکت قائم کی۔
اوپنر محمد رضوان 79 اور محمد حفیظ 32 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ محمد رضوان کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ون ڈاؤن آنے والے فخر زمان کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور پانچ رنز بنا کر یان فرائی لنک کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور جان فری لنک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔