تحریک لبیک پر سے پابندی ختم کی جائے: پنجاب کابینہ کی سفارش
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے صوبہ پنجاب کی کابینہ نے کالعدم تنظیم تحریک لبیک پر سے پابندی ہٹانے کی سفارش کردی ہے جس کے بعد صوبائی وزارت قانون نے وفاقی حکومت کو اس حوالے سے خط لکھ کر آگاہ کیا ہے۔
کالعدم تنظیم اور وفاقی حکومت کے درمیان خفیہ معاہدے کے بعد تین روز قبل پنجاب کی وزارت داخلہ نے سمری صوبائی کابینہ کو ارسال کی تھی جس میں کہا گیا تھا ’تحریک لبیک کا نام کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام وزرا تین دن کے اندر اس سمری پر اپنی رائے دیں اگر نہیں دیں گے تو ان کا جواب ہاں میں تصور کیا جائے گا‘ .
قبل ازیں ترجمان حکومت پنجاب نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وزارت داخلہ نے سمری کابینہ کے اراکین کو بھیجی ہے۔
خیال رہے اس سے پہلے جب تحریک لبیک پر پابندی عائد کی گئی تو پہلے پنجاب حکومت کی جانب سے اس کی سفارش وفاقی حکومت کو کی گئی جس نے کابینہ کے اجلاس میں اس کو منظور کرتے ہوئے ٹی ایل پی پر پابندی عائد کی تھی۔