اہم خبریں

مسلم لیگ ق کا تحریک انصاف کے طرزِ حکمرانی پر تحفظات کا اظہار

نومبر 13, 2021 2 min

مسلم لیگ ق کا تحریک انصاف کے طرزِ حکمرانی پر تحفظات کا اظہار

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں حکمران جماعت تحریک انصاف کی اتحادی پارٹی مسلم لیگ ق نے حکومت سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس اتوار کی شام طلب کیا ہے۔

مسلم لیگ ق کے سینیئر رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم تین سال سے انہیں وفاق اور صوبے میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ہم ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں لیکن یہ نہیں نبھا رہے۔

سنیچر کو ایک بیان میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ’پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہر ضلعے میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے۔‘

مسلم لیگ ق پنجاب کے سیکرٹری جنرل کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ ’حکومت کو یاد دلانے کے لیے سینیٹ کا الیکشن ہی کافی ہے، کیا یہ بھول گئے کہ کس طرح ووٹ مانگے بغیر انہیں کامیابی ملی۔‘

’حکمران یہ بھی بھول گئے ہیں کہ ان کا کوئی بندہ ووٹ مانگنے کے لیے بھی نہیں آیا پھر بھی انہیں سینیٹ کے مشکل ترین انتخابات میں ہم نے انہیں کامیابی کے ساتھ نکالا۔‘

خیال رہے کہ مسلم لیگ ق کے قومی اسمبلی میں چار ارکان ہیں جن میں سے دو چودھری مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ وفاقی وزرا ہیں۔ 

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے ارکان کی تعداد 10 ہے۔

دوسری طرف ایک بیان میں پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزادر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پنجاب میں ہمیشہ اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چلی ہے اور آئندہ بھی ایسا ہوگا۔

’مسلم لیگ ق کے ساتھ بہترین ہم آہنگی کے تحت عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ ق کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنائیں گے۔‘

عثمان بزدار نے کہا کہ ’سعودی عرب روانگی سے قبل بھی سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی کی رہائش گاہ جا کر ان سے ملاقات کی تھی۔‘

ان کا مزید کہنا ہے کہ ’اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے خواہش پوری نہیں ہو گی۔ آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے