امریکہ و چین کے صدور کی ورچول ملاقات، تصادم سے بچنے پر اتفاق
Reading Time: < 1 minuteامریکہ اور چین کے صدور نے کہا ہے کہ دونوں کو دنیا کی خاطر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی تصادم سے بچنا چاہیے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پیر کو دونوں عالمی معیشتوں کے صدور کے درمیان ہونے والی ورچوئل ملاقات میں بات چیت کا آغاز کیا گیا ہے۔
شی جن پنگ نے جو بائیڈن کو ’پرانا دوست‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو درپیش چیلنجز کو حل کرنے کے لیے رابطہ کاری بڑھانی چاہیے۔
جو بائیڈن نے چینی صدر سے انڈو پیسفک خطے میں انسانی حقوق سمیت دیگر ایشوز پر توجہ دینے کا وعدہ بھی کیا۔
ملاقات کے آغاز میں جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس سے کہا، جہاں ایک بڑی سکرین پر چینی صدر نظر آ رہے تھے، ’میرا خیال ہے کہ مجھے رسمی طور پر بات چیت شروع کرنی چاہیے اگرچہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ کوئی تکلف نہیں رکھتے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اور آپ اس حوالے سے بات کر چکے ہیں، تمام ممالک کو ایسے ہی ضوابط کی پیروی کرنی ہیں۔‘
جو بائیڈن کے مطابق ’امریکی و چینی دو طرفہ تعلق کا گہرا اثر صرف ہمارے ممالک ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک پر بھی ہے۔‘
چینی صدر شی جن پنگ نے ایک ترجمان کی وساطت سے جواب دیتے ہوئے کہا ’عالمی معیشتیں اور سکیورٹی کونسل کے رکن ہونے کے طور پر امریکہ اور چین کو باہمی رابطہ کاری اور تعاون کو بڑھانا چاہیے۔‘
یہ مذاکرات جن کا قدم بائیڈن کی جانب سے اٹھایا گیا ہے شام سات بج کر 45 منٹ پر شروع ہوئے جن میں تعلق بہتر بنانے اور تلخیاں کم کرنے پر زور دیا گیا۔