سیاہ دور میں ریاست کے اوپر ریاست قائم ہے: نواز شریف
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آئین پوری وضاحت سے بیان کرتا ہے کہ مقدس وہی ہے جو آئین کی پاسداری کرے۔
عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ جو آئین کی دیواریں پھلانگے، وہ مقدس نہیں، آئین کا مجرم ہے بلکہ غدار ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر ایک تحریک کا نام ہے جو آج بھی جاری ہے جس کا ثبوت بار الیکشن میں ان کے پینل کی کامیابی ہے۔
ان کے مطابق ’عاصمہ جہانگیر کے ساتھ قریبی تعلق رہا اور ان کی آخری سانسوں کے دوران بھی مجھ سے فون پر بات ہوئی تھی۔‘
نواز شریف نے موجودہ دور کو سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی، انسانی حقوق کے حالات بدترین ہیں۔ سوال اٹھانے کی پاداش میں صحافیوں، سیاسی کارکنوں کو غائب کر دیا جاتا ہے گولیاں ماری جاتی ہیں۔
نواز شریف کے مطابق ’صحافیوں کے پروگرام بند یا کالمز کی اشاعت رکوا دی جاتی ہے یا پھر نوکری سے نکال دیا جاتا ہے۔‘
انہوں چند روز پیشتر پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن میں پاس ہونے والے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد سچ کی زبان کو بند کرنا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’یہاں من پسند ججوں سے مرضی کے فیصلے لیے جاتے ہیں، ریاست کے اوپر ریاست چلائی جاتی ہے۔‘