پاکستان

ماورائے عدالت قتل شرمناک اور ناقابل قبول: آرمی چیف

دسمبر 3, 2021

ماورائے عدالت قتل شرمناک اور ناقابل قبول: آرمی چیف

پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن شہری کے قتل کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ‏ آرمی چیف نے کہا کہ سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کا سری لنکن پرانتھا کمارا کا بہیمانہ قتل انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے- ایسے ماوراے عدالت اقدام قطعاً ناقابل قبول ہیں –

آرمی چیف نے کہا کہ اس گھناونے جرم کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے سول ایڈمنسٹریشن کو ہر ممکن مدد فراہم کی جاے –

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کہ سری لنکن منیجرکو زندہ جلانے کا واقعہ پاکستان کے لیے شرم کا دن ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ واقعے کی تحقیقات کی خود نگرانی کررہا ہوں اور واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ ’واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کا عمل جاری ہے۔‘

خیال رہے جمعے کو سیالکوٹ میں حکام کے مطابق وزیرآباد روڈ پر ایک نجی فیکٹری کے ورکرز نے توہین مذہب کے الزام میں ایک فیکٹری کے غیر مسلم غیر ملکی مینیجر کو تشدد کرکے قتل کیا اور آگ لگا دی۔

جمعے کو سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی فوٹیج میں ایک شخص کی جلتی ہوئی نعش کو دیکھا جاسکتا ہے جس کے اردگرد بڑی تعداد میں لوگ نظر آرہے ہیں۔

اس اندوہناک قتل پر پاکستان کے سوشل میڈیا پر لاکھوں شہری گہرے صدمے، دکھ اور غصے کا اظہار کر رہے ہیں.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے