سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل میں ملوث مزید 6 ملزم گرفتار
پاکستان میں پولیس نے صنعتی شہر سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کو قتل کرنے کے الزام میں مزید چھ مرکزی افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
اتوار کو پنجاب پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ’پنجاب پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا سے گزشتہ 12گھنٹے میں مزید چھ مرکزی کرداروں کا تعین کرکے گرفتار کیا ہے۔ ملزمان اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے گھروں میں چھپے ہوئے تھے اب تک کی تحقیقات کے مطابق124 زیرحراست افراد میں سے 19 ملزمان کا مرکزی کردار سامنے آیا ہے۔‘
سنیچر کو لاہور میں میڈیا بریفنگ میں آئی جی پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے 24 گھنٹوں میں 160 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے کر 200 سے زائد جگہوں پر چھاپے مارے گئے۔

