رانا شمیم پر فردِ جرم عائد، صحافیوں کا معاملہ مؤخر
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد ہائیکورٹ نے بیان حلفی کیس میں گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم پر فردِ جرم عائد کر دی ہے جبکہ صحافیوں کی حد تک کیس آگے بڑھنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔
جمعرات کو ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ اس عدالت کی بہت بے توقیری ہو گئی ہے، یا بتا دیں کہ اس عدالت کے ساتھ کسی کو کوئی پرابلم ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اس عدالت کے حوالے سے ہی تمام بیانیے بنائے گئے ہیں، آئینی عدالت کے ساتھ بہت مذاق ہو گیا ہے۔
عدالت میں رانا شمیم، انصار عباسی اور ایڈیٹر انچیف دی نیوز و جنگ میر شکیل الرحمان پیش ہوئے۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے بطور پراسیکیوٹر عدالت کی معاونت کی۔
اخبار دی نیوز کے ایڈیٹر عامر غوری نے حاضری سے استثنا کی درخواست دی جس کو منظور کیا گیا۔
صحافی رہنماؤں نے عدالت میں کہا کہ محتاط رویے کی بات چیف جسٹس نے کی تھی اس کو مستقبل میں مدنظر رکھا جائے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت ایک لائسنس نہیں دے سکتی کہ کوئی بھی سائل آ کر اس طرح عدالت کی بے توقیری کرے، آپ کو احساس تک نہیں کہ زیر سماعت کیس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یہ عدالت اوپن احتساب پر یقین رکھتی ہے اور اسے ویلکم کرتی ہے۔