’ضمیر پر بوجھ‘، پریانتھا کمارا کےقتل میں ملوث چھ ملزمان کا اعترافِ جرم
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے شہر سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل میں ملوث چھ ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے.
عدالت میں چھ ملزمان حمیر وارث، علی اصغر، عمران ریاض، عبدالصبور، شہریار اور بلال نے پریانتھا کمارا کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں اور وہ اپنے ضمیر کا بوجھ ہلکا کرنا چاہتے ہیں.
مجسٹریٹ کے اعترافی بیان میں ملزمان نے پریانتھا کمارا کو قتل کرنے کا جرم قبول کیا .
جج نے اعترافی بیانات کی تصدیق کے لیے پولیس کو کمرہ عدالت سے باہر نکالا اور ملزمان کو بتایا کہ ان کو اعتراف جرم پر سزائے موت ہو سکتی ہے.
تمام چھ ملزمان نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کے اعتراف جرم کی سزا موت ہے تاہم وہ اپنے ضمیر کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے قتل کا الزام قبول کرتے ہیں.
یاد رہے کہ سیالکوٹ کی فیکٹری میں بطور منیجر کام کرنے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد پولیس نے 200 کے لگ بھگ افراد کو حراست میں لیا تھا.
سی سی ٹی فوٹیجز اور موبائل کیمروں کی بنائی جانے والی ویڈیوز سے ان افراد کی نشاندہی کی ہے جو عملی طور پر اس واقعے کے اصل ذمہ دار تھے۔