’دہشت گردی کا خطرہ ہے‘، پاکستان میں ہائی الرٹ جاری
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں وفاقی حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خطرے سے آگاہ رہیں۔
اسلام آباد میں وزارت داخلہ سے جاری کیے گئے الرٹ کے نوٹیفیکیشن میں لاہور میں دو دن قبل کیے گئے دہشت گرد حملے کا حوالہ دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت صوبے کے کئی شہروں میں پولیس پر حملوں میں چھ سے زائد اہلکار مارے گئے تھے۔
پولیس پر حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی جبکہ لاہور میں بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان بلوچ تنظیم نے کیا تھا۔
وزارت داخلہ کے مطابق لاہور کے انارکلی بازار میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے اور ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں سے لاحق خطرے کے پیش نظر تمام صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے محکموں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ انتہائی الرٹ رہتے ہوئے نگرانی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کو پیدا ہونے سے روکا جا سکے۔
یاد رہے کہ لاہور میں کیے گئے دھماکے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جمعے کو پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کو بتایا تھا کہ حالیہ واقعات دہشت گرد کارروائیاں تھیں۔