بل گیٹس پاکستان میں، وزیراعظم اور دیگر حکام سے ملاقاتیں
Reading Time: < 1 minuteدنیا سے پولیو کی بیماری کے خاتمے کے لیے اربوں ڈالر مہیا کرنے والے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
جمعرات کو ایک روزہ دورے میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔
بل گیٹس نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ اجلاس میں شرکت۔
جمعرات کو این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بل گیٹس اور ان کے وفد کو این سی او سی کے کردار اور طریقہ کار، وبائی مرض کے آغاز سے اب تک کی کامیابیوں، پاکستان بھر میں کورونا کی صورتحال اور ادارے کی جانب سے بیماری کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے اور عوامی تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ بل گیٹس نے این سی او سی کے مختلف اقدامات بالخصوص سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے نفاذ پر گہری دلچسپی لی اور ویکسینیشن کی مہم پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنی ٹویٹ میں بل گیٹس کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا تھا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹویٹ میں کہا کہ بل گیٹس پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا جائزہ لینے کے علاوہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) اور احساس پروگرام کا بھی دورہ کریں گے.