’یہ رشتہ ختم ہو چکا‘، عدالت کِم اور کینے کی طلاق کا فیصلہ کرے
Reading Time: < 1 minuteامریکہ کی مشہور ٹی وی سٹار کم کرداشین نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ان کی طلاق کا فیصلہ جلد کیا جائے تاکہ سابق شوہر کینے ویسٹ کے لیے یہ تسلیم کرنا آسان ہو سکے کہ ’یہ رشتہ ختم ہو چکا۔‘
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کم کرداشین نے گزشتہ برس گھریلو جھگڑوں کی خبریں کے سامنے آنے کے بعد کینے ویسٹ سے طلاق کا مقدمہ دائر کر دیا تھا۔
کرداشین کے سابق شوہر نے اس علیحدگی کو ختم کرنے کی کوششیں کیں اور وہ سوشل میڈیا پوسٹوں کے ذریعے کم کو ’مصالحت‘ کرنے کا کہتے رہے۔
بدھ کو لاس اینجلس کی عدالت میں درخواست دائر کر کے کرداشین نے کہا کہ ’میں طلاق حاصل کرنے کی بہت زیادہ خواہش مند ہوں۔ میں نے کینے سے اس طلاق کو نجی معاملے کے طور پر رکھنے کے لیے کہا تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ عدالت ہمارے ازدواجی تعلق کے خاتمے کا فیصلہ دے کر یہ سمجھنے میں کانیے کی مدد کرے گی کہ ہمارا یہ رشتہ اب نہیں رہا، اس سے ہمیں آگے بڑھنے اور اپنے بچوں کی مناسب طریقے سے دیکھ بھال کا موقع میسر آ سکے گا۔‘
واضح رہے کہ کم کرداشین اور امریکی ریپر کینے ویسٹ کی شادی 2014 میں ہوئی تھی اور ان کے چار بچے ہیں جن میں ایک آٹھ سالہ بیٹی نارتھ، چار سالہ بیٹا سینٹ، ایک بیٹی شکاگو اور دو سالہ بچہ سام شامل ہیں۔
کم اور کینے ویسٹ اپنی شادی کے بعد دنیا کے مقبول ترین جوڑے کے طور پر جانے گئے لیکن ان کا یہ ساتھ اس وقت ختم ہوا جب کانیے ویسٹ نفسیاتی عوارض کا شکار ہو گئے۔