پاکستان

امید تھی سفارتکاری جنگ کو ٹال دے گی: عمران خان

فروری 25, 2022 1 min

امید تھی سفارتکاری جنگ کو ٹال دے گی: عمران خان

Reading Time: 1 minute

پاکستان کے وزیراعظم کے دورہ ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے.

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں عمران خان نے روس، یوکرین کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید تھی کہ سفارتکاری جنگ کو ٹال دے گی.

وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے اعلامیے کے مطابق عمران خان نے روسی صدر سے ملاقات میں جنوبی ایشیا کی صورتحال کو اجاگر کیا اور دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر طویل تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے روس کے پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن پراجیکٹ کی اہمیت کو دہراتے ہوئے اسے فلیگ شپ منصوبہ قرار دیا اور توانائی سے متعلق منصوبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے روس کے ساتھ طویل مدتی اور کثیر الجہتی تعلقات کے پاکستانی عزم کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات میں مستقبل میں مزید وسعت آئے گی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور تعلقات کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔
روس یوکرین تنازع سے متعلق اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ملاقات میں روسی صدر کو بتایا کہ پاکستان کو امید تھی کی سفارتکاری فوجی ایکشن کو ٹال سکتی ہے۔

جنوبی ایشیا کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب توجہ دلائی اور تنازعے کے پُرامن حل کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے تنازعے کے باعث خطے کے امن و استحکام کو لاحق خطرات کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ تصادم کسی کے مفاد میں نہیں۔
علاقائی تناظر میں وزیراعظم نے افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی بدحالی کی جانب توجہ دلائی جہاں فوری مدد کی ضرورت ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے